مسلم لیگ ن کی انتخابی ریلی پر تحریک انصاف کے کارکنان نے لاٹھیاں برسا دیں ، متعدد زخمی

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 100 میں ضمنی انتخاب کے دوران مسلم لیگ ن کی ریلی پر تحریک انصاف کے کارکنان نے لاٹھیاں برسا دی ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 100 میں ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ریلی کا اہتمام کیا ۔ جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنان نے ریلی کا گھیراﺅ کر لیا اور ریلی میں شامل گاڑیوں پر ڈنڈے برسا دیے جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ واقعے کے دوران متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ اس تصادم کے باعث جی ٹی روڈ پر بد ترین ٹریفک جام ہو گیا ۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مشتعل افراد کو منتشر کرنے اور ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی لیکن تاحال ٹریفک روانی بحال نہیں ہو سکی ۔