ورزش کوئی ایک دم سے معجزہ تو نہیں دکھا سکتی ۔ لیکن مسلسل پانی پڑنے سے تو پتھر میں بھی سوراخ ہو جاتا ہے ۔ بالکل اسی طرح ورزش آپ کے جسم کو ٹھوس ، تندرست اور توانا رکھتی ہے ۔ وزن گھٹانے کے لیے جو ورزش اختیار کی جاتی ہے ۔ اس کے ساتھ ڈائٹنگ بہت ضروری ہے ۔ خواتین اپنی بڑھتی ہوئی عمر سے متعلق اکثر متفکر رہتی ہیں ۔ لہذا اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے عمل کو سست کرنا باقاعدہ ورزش کے اختیار میں ہی ہے ۔
ورزش جسم کو ٹھوس بناتی ہے ۔ عمر بڑھنے کے عمل کو گھٹا دیتی ہے ۔ نظام ہضم درست رہتا ہے۔ جسم خوبصورت ہو جاتا ہے ۔ اور دل کے عارضے سے نجات میں مدد ملتی ہے ۔ دورانِ خون بڑھ جاتا ہے ۔ جوڑوں کی تکلیف کو یکسر ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ گردوں کو بہتر کام کے قابل بناتی ہے ۔ ورزش کی بدولت آپ خود کو تندرست اور توانا محسوس کرتے ہیں ۔ آپ کے اعصاب پر اچھا اثر پڑتا ہے ۔
اگر آپ نے تیس اور چالیس سال کی عمر میں ورزش شروع کی ہے تو ایسے میں آپ کو روزانہ آدھا گھنٹہ ورزش کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ بہت عرصے تک یعنی ساٹھ پینسٹھ سال کی عمر تک آپ خود کو ایسا ہی محسوس کریں گی جیسا آپ خود کو تیس سال کی عمر میں محسوس کرتی تھیں ۔
انسان اپنے اوپر اپنا بڑھاپا خود طاری کرتا ہے ۔ جس طرح کسی مشین کو استعمال کرتے رہتے ہیں تو وہ چلتی رہتی ہے ، لیکن جب بند کر دیں تو اس میں زنگ لگ جاتا ہے ۔ اسی طرح جب تک انسان چلتا پھرتا رہتا ہے ، تندرست رہتا ہے ۔ اور جیسے ہی اپنے آپ کو بے کار سمجھ کر بیٹھتا ہے تو بوڑھا ہو جاتا ہے