آپ کے ہاتھوں کو بھی اتنی ہی توجہ اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے جتنی آپ کے چہرے کو۔اچھی نگہداشت سے آپ کے ہاتھ خوبصورت اور بہتر ہو سکتے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ ہاتھوں کی بھی زبان ہوتی ہے اور آپ کے ہاتھ ،ہاتھوں کی انگلیاں اور ناخن کسی بھی فرد کی سماجی حالت ،اس کی طرز ذندگی،اور سب سے بڑھ کر اس کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں ۔آپ ان تراکیب پر عمل کر کے اپنے ہاتھوں کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔
٭اگر آپ کے ہاتھوں پر خشکی ہے تو اس کے لیےچار تولے چنبیلی کا تیل ،دو تولے گلیسرین ،اور تین تولے روغن کدو،ان سب کو ملا کر ایک بوتل میں رکھ لیں اور صبح شام ہاتھوں پر ہلکی ہلکی مالش کریں ۔ہاتھو ں کی خشکی دور ہو جائے گی۔
٭اگر آپ اپنے ہاتھوں کو نرم بنانا چاہتی ہیں تو ہاتھوں پر تھوڑی سی چینی اور لیموں کا عرق ملا کر لگائیں ۔
٭لیموں کا رس ہاتھوں کے لیے بے حد مفید ہے ۔لیموں کا رس ہاتھوں ،کہنی اور پیروں کی ایڑی پر مسلسل لگاتے رہنے سے جلد نہ صرف صاف ہو جاتی ہے بلکہ رنگت بھی نکھرتی ہے۔
٭دھوپ میں جانے سے پہلے ہاتھوں میں دستانے پہننے چاہئیں ۔کیونکہ سورج کی تپش بہت جلد ہاتھوں کی جلد کو جھلسا دیتی ہے۔
٭گھریلو کام کاج کرنے کی وجہ سےہاتھ کھردرے اور اکثر ان پر جھریاں سی پڑ جاتی ہیں ۔اس کے لیے ایک طریقہ تو یہ ہے کہ جب بھی کام کرنے کے بعد ہاتھ دھوئیں تو ہاتھ صاف کرکےفوراً کوئی کریم یا لوشن کا مساج کریں اس سے ہاتھ چکنے اور نرم رہتے ہیں اور ہاتھوں کو تیل کی غذائیت بھی ملتی رہتی ہے ۔دوسرا طریقہ یہ ہےکہ گلیسرین ،لیموں کا رس،اور عرقِ گلاب، تینوں اشیاء ہم وزن لے کر لوشن تیار کر لیں روزانہ رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں پر ملیں اور مکسچر کی کچھ مقدار اپنے کچن میں کسی نمایاں جگہ پر رکھ لیں ۔اس لیے کہ اگر آپ کچن میں کام کر رہی ہوں تو اس مکسچر کو حسب ضرورت اپنے ہاتھوں پر لگا سکیں ۔ہاتھوں کی حفاظت کے لیے یہ بہترین نسخہ ہے اور گھر کا ہر فرد استعمال کر سکتا ہے ۔
٭اگرآپ اپنے ہاتھوں پر کوئی موئسچرائزنگ کریم لگاتی ہیں تو اس کریم کا مساج کلائی سے چار انچ اوپر تک کریں کیونکہ کلائی کے اس حصّہ پر لائنیں پڑ جاتی ہیں جو عموماً جلد کےخشک ہونے پر پڑتی ہیں ۔
٭اگر آپ کے ہاتھوں کی انگلیاں سیاہ ہوں تو آدھا کپ دودھ ،ایک بڑا چمچ عرقِ گلاب چند قطرے لیموں ،یہ تینوں چیزیں ملا کر انگلیوں اور ہاتھوں پر مالش کیا کریں ۔آدھے گھنٹے بعد ہاتھ دھو لیں چند دنوں میں آپ کے ہاتھوں کی انگلیاں سفید ہو جائیں گی۔
٭اگر ناخنوں میں سرخی نہ ہو یا اس پر سفید دھبے ہوں تو یہ خرابِی صحت کی علامت ہے اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ کیلشیم صحیح مقدار میں نہ ہونے کی وجہ سے ناخن ٹوٹ جاتے ہیں اس کے لیے آسان نسخہ ہے کوٹے ہوئے لہسن کے عرق میں عرقِ گلاب کے چند قطرے ملا کر ناخنوں پر لگایا جائے تو ناخن ٹوٹنا بند ہو جاتے ہیں ۔
٭ناخنوں کی ہفتہ وار دیکھ بھال کرنا،ناخنوں کی بہتر نشونما کے لیے ضروری ہے ،ناخنوں کی ہفتہ وار صفائی کریں اس کے لیے آپ ناخن کے ارد گرد تھوڑے سے نیم گرم تیل کی مالش کریں اور اسے اچھی طرح صاف کر لیں ،ناخن کاٹتے وقت ناخنوں کی جھلی کو کبھی نہ کاٹیں ۔ایسا کرنے سے ناخنوں کے جاندار رنگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔خوبصورت ناخن وہ ہی ہوتے ہیں جن کی لمبائی ہمیشہ کم ہو اور صاف ستھرے ہوں ۔ہاتھوں کی زبان نہیں ہوتی مگر پھر بھی یہ بولتے ہیں ،ہاتھ کسی بھی خاتون یا مرد کی عمر ناپنے کا صحیح پیمانہ ہیں کیونکہ چہرے پر میک اپ کر کے عمر چھپائی جا سکتی ہے لیکن ہاتھوں اور کلائیوں کی جھریوں کو نہیں چھپایا جا سکتا ہے ۔دنیا بھر کے آلات اور ورزشیں بھی ہاتھوں کی جھریاں اور خوبصورتی کو واپس نہیں لا سکتیں ۔اس لیے اپنے ہاتھوں کی حفاظت اور نگہداشت کے لئے حفاظت کریں تاکہ آپ کے ہاتھ آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا ظاہر نہ کر دیں ۔