ریحام خان کی ڈگری جعلی نکلی سابق شوہر بھی میدان میں

ریحام خان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خفیہ شادی کی خبر سامنے لانے والے برطانوی اخبار نے بھابھی کی ڈگری پر بھی سوالیہ نشان لگادیاہے اور لکھاہے کہ ریحام خان نے جس کالج سے جرنلزم کی ڈگری لینے کا دعویٰ کیاہے ، وہ جرنلزم کا کورس سرے سے کراتاہی نہیں ۔ ریحام خان نے برطانوی اخبار کی رپورٹ سامنے لانے پر پاکستانی میڈیا پر برہم ہوگئیں اور کہاکہ آج ثابت ہوگیاکہ پاکستانی چینلزنہ دیکھنے کا میرافیصلہ درست تھاتاہم بعدازاں اُنہوں نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر موجود کالج کا نام تبدیل کرکے تفصیلات اپ لوڈ کردیں ۔
برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ نے لکھاکہ ریحام خان کی ویب سائٹ کے مطابق اُنہوں نے براڈکاسٹ جرنلزم کی پوسٹ گریجوایٹ تعلیم حاصل کرنا شروع کی جس کے بعد اُنہیں بی بی سی میں بطوررپورٹرکام کا موقع ملا اور یہ ڈگری لنکن شائر کے نارتھ لنڈسے کالج سے حاصل کی لیکن کالج حکام کاکہناتھاکہ وہ یہ کورس پڑھاتے ہیں اور نہ ہی ان کے ریکارڈ میں کوئی ریحام خان نامی طالبہ ہے ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ ریحام خان سے اس معاملے میں موقف لینے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے ۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان کی اہلیہ نے ایک ایسے کالج سے ڈگری حاصل کرنے کادعویٰ کیا جوسرے سے یہ کورس کراتاہی نہیں یعنی غلط بیانی سے کام لیا۔
میڈیا ہاﺅسز کی طرف سے باربار رابطے کی کوشش پر ریحام خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی میڈیا سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی میڈیا کیوں نہیں دیکھتی ؟آج وجہ سامنے آگئی ، ثابت ہوگیاکہ پاکستانی چینلز نہ دیکھنے کا فیصلہ درست تھا ۔اُنہوں نے لکھاکہ اسی رویہ سے ڈیلی میل کبھی نہیں دیکھا،پاکستان میں اہم مسئلے پر کوئی بات کی جائے تو مخصوص لابی حملہ کردیتی ہے ، اس طرح کے حملے میرے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، نہ کسی چیز سے کبھی خوفزدہ ہوئی اور نہ کبھی ہوں گی تاہم بعدازاں ریحام خان نے لنڈسے کالج کی جگہ گرمزبی کالج لکھ کر دیگر تفصیلات پیش کردیں ، ساتھ ہی کیمپس کی تفصیلات اور کوڈبھی لکھتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اب اصل ایشوکی طرف بڑھیں ۔ اُن کاکہناتھاکہ خبر میں رپورٹر کی طرف سے محنت کہیں دکھائی نہیں دی ، بے بنیاد پراپیگنڈا مجھے اور میرے خاندان کو خوفزدہ نہیں کرسکتا، میڈیا کو ان معاملات پر توجہ دیناچاہیے جن سے نیا پاکستان بن سکے ۔
پی ٹی آئی رہنماءنادیہ ربانی نے برطانوی اخبار کی خبر پرردعمل دیتے ہوئے کہاکہ خبر کی تردید کرتے ہیں ، ابھی یہ دعویٰ ہے ، ثابت نہیں ہوا، اگر ڈگری جعلی ہوتی تو بی بی سی ریحام خان کو نوکری نہ دیتی ، وہ ریحام خان سے رابطے کی کوشش کررہی ہیں ، مزید وہی اپنا موقف دیں گی ۔ پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ یہ ریحام خان کی نجی زندگی کا معاملہ ہے اور اس حوالے سے وہ خود ہی بیان دیں گی۔
یادرہے کہ یہ خبر سیبتیان شیکسپیئر نے بریک کی ہے اور اُنہوں نے ہی ریحام خان کی عمران خان سے شادی کی خبر بھی دی تھی ۔

ریحام خان کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز نے کہا ہے کے ریحام خان نے شادی سے پہلے یا بعد میں کسی یونیورسٹی سے جرنلزم کی کوئی ڈگری نہیں لی اور نہ ہی کسی ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے