اچھی صحت کے چند ساتھی۔۔۔

روزانہ کھانے میں کچی سبزیوں کا استعمال جہاں صحت وتوانائی عطا کرتا ہے وہاں ہماری خوب صورتی میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔مرچ مصالحوں سے بھر پور مرغن کھانے کے نقصانات سے ہم اسی صورت بچ سکتے ہیں ۔جب کھانے میں کچی سبزیوں کو سلاد کی شکل دے دی جائے۔جس طرح پودے ہماری فضا کو آلودگی سے محفوظ رکھتے ہیں ۔اسی طرح پھل اور سبزیاں ہمارے جسم کی اندرونی فضا کو چکنائی کی آلودگی سے بچاتے ہیں ۔

کئی سبزیاں ایسی ہیں جنہیں ہم سلاد کے طور پر استعما ل کر سکتے ہیں ۔۔مثلاً سلاد کے پتے ،گوبھی،پیاز ،لیموں ،مولی ،گاجر ،چقندر،مٹر کے دانے ،مکئی کے دانے،سبز مرچ،بند گوبھی،کھیرا،شلجم،پودینہ،سرکہ،ٹماٹر وغیرہ۔۔۔ضروری نہیں کہ سلاد کا استعمال کھانے کے وقت کیا جائے بلکہ شام کی چائے کے ساتھ پیش کیے جانے والے کباب ،پکوڑے،چپس یا سموسے کے ساتھ بھی سلاد کے پتے ،ٹماٹر کے ٹکڑے،کھیرا اور دہی کھائی جا سکتی ہے ۔

اگر آپ اپنے روز مرہ کے کھانے کے ساتھ سلاد کا استعمال شروع کر دیں تو یقین کر لیں کہ آپ کی صحت اور زیادہ بہتر ہو جائے گی۔اور آپ کئی قسم کے امراض سے محفوظ رہیں گے۔