بچوں پر ویڈیو گيمز کے مثبت اثرات

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ تھوڑی دیر کے لیے ویڈیو گیمز کھیلنے سے بچوں کی نشوونما پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔
سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں یہ پایا کہ جو بچے روزانہ ایک گھنٹے سے کم ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں وہ ان بچوں کے مقابلے پر معاشرے سے زیادہ ہم آہنگ ہوتے ہیں جو ویڈیو گیمز بالکل نہیں کھیلتے۔
لیکن جو بچے روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں وہ مجموعی طور پر اپنی زندگی سے کم مطمئن پائے گئے ہیں۔
یہ تحقیق بچوں کی طبی جریدے ’پیڈیاٹرکس‘ میں شائع ہوئی ہے۔
تجرباتی ماہر نفسیات ڈاکٹر اینڈریو زائبلیسکی نے دس سے 15 سال کی عمر کے پانچ ہزار برطانوی بچوں کا سروے کیا۔
ان میں سے 75 فی صد نے کہا کہ وہ روزانہ ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں۔ پھر ان سے یہ پوچھا گیا کہ سکول کے عام دنوں میں وہ کتنی دیر تک کنسولز یا کمپیوٹروں پر ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں۔
اس کے بعد انھوں نے بہت سے عناصر کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی کہ وہ:
اپنی زندگی سے کتنے مطمئن ہیں
اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ کتنی اچھی طرح ہم آہنگ ہو پاتے ہیں
مشکلات سے دوچار افراد کی کس قدر مدد کر سکتے ہیں
ان کی حد سے زیادہ حرکت اور عدم توجہی یا لاپروائی کی سطح کیا ہے وغیرہ
ان کے جوابات کی بنیاد پر نفسیاتی اور سماجی سطح پر ہم آہنگی کی سطح کا تجزیہ کیا گیا۔
اس تحقیق میں دس سے 15 سال کی عمر کے پانچ ہزار برطانوی بچوں کا سروے کیا گیا
پھر ان کا دوسرے گروپ سے تقابل کیا گیا جن میں گیمز نہیں کھیلنے والے بھی شامل تھے۔ جو بچے عام طور پر ایک گھنٹے سے کم گیمز کھیلتے تھے انھوں نے زیادہ تر اپنی زندگی سے اطمینان کا اظہار کیا اور ان میں سماجی سطح پر سب سے زیادہ مثبت ہم آہنگی نظر آئی۔

url-1
ایسے بچے جذباتی سطح پر بھی مسائل سے کم ہی دو چار نظر آئے اور ان میں عدم توجہی بھی نہیں دیکھی گئی۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق جو بچے روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ ویڈیو گیمز کھیلتے تھے ان میں لوگوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی سب سے کم صلاحیت نظر آئی۔
ڈاکٹر زائبلسکی نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
انھوں نے اپنی تحقیق کے بارے میں کہا: ’تحقیق کی دنیا اکثر جھکاؤ ایک جانب ہوتا ہے یعنی بعض لوگ ویڈیو گیمز کو انتہائی کارآمد سمجھتے ہیں جبکہ دوسرے اسے پرتشدد عمل سمجھتے ہیں۔ ایسے میں یہ تحقیق ایک نیا زاویہ پیش کرتی ہے۔‘

source:BBC URDU